ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف ”بھارت بند“ کامیاب، کہیں ریل پٹری پر دھرنا،کہیں پیدل چلنے پرمجبور

مودی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف ”بھارت بند“ کامیاب، کہیں ریل پٹری پر دھرنا،کہیں پیدل چلنے پرمجبور

Sat, 27 Mar 2021 10:31:06    S.O. News Service

نئی دہلی،27؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی)گزشتہ 4 ماہ سے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کا ”بھارت بند“تمام اپوزیشن کی حمایت کے ساتھ پرامن اور کامیاب ضروررہا،لیکن کسانوں نے جس طرح سے جنوری یا فروری میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا تھا، وہ دلچسپی اب کہیں نہیں ہے- ایسا لگتا ہے کہ کسان تھک گئے ہیں یا پھر حالات سے سمجھوتہ کرلیا ہے-

بہار،یوپی،پنجاب اور دیگر ریاستوں میں بھی بند کا اثر نظرآیا،کہیں ریل پٹری پر دھرنا دیاگیا تو کہیں لوگ پیدل چلنے پر مجبور ہوئے-جمعہ کو ہوئے بند میں ملک کی کئی ریاستوں میں مکمل بند کا نظارہ دیکھنے کو ملا،لیکن عام لوگوں نے اس بھارت بند میں حصہ نہیں لیا، اگرچہ کسان تنظیموں سے وابستہ لوگ سڑکوں پر نعرے بازی کرتے نظر آئے-دہلی میں بھی اس کا اثرنظرنہیں آیا لیکن دہلی کی سرحدوں کو بندکرکے کسانوں نے جم کر نعرے بازی کی،جس کی وجہ سے مسافروں کو آنے جانے میں کافی دقت کا سامنا کرناپڑا- اس درمیان بی جے پی حکمراں ریاست کرناٹک اور گجرات میں حکومت نے مظاہرین پر طاقت کا استعمال کیا اور کسانوں کی چار مہینے سے جاری تحریک کو کچلنے کی کوشش کی-شاملی میں بھارتی کسان یونین کے کارکنوں نے بھارت بند پر صبح 11 بجے قومی شاہراہ پر ٹریکٹر ٹرالی کا مظاہرہ کیا-

مظفر نگر کے کسانوں کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے وضع کئے گئے زر عی قانون کے خلاف احتجاج میں دہلی میں پچھلے 4 ماہ سے مشترکہ کسان مورچہ کی طرف سے مظاہرہ کیا جارہا ہے- لیکن حکومت قانون واپس نہیں لے رہی ہے- کسان ایک طویل جنگ لڑنے کیلئے تیار ہیں - جب تک تینوں زرعی قوانین واپس نہیں لیتے، کسانوں کا مظاہرہ جاری رہے گا-

بھارتیہ کسان یونین کے کارکنوں نے شاملی ضلع کے دہلی سہارن پور شاہراہ پر ٹریکٹر ٹرالی رکھ کر سڑک بند کردی- اس دوران زرعی قوانین کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی- کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ زرعی قانون کو کالعدم قرار دیا جائے،اور ایم ایس پی نافذ کیا جائے- ضلع میں دفعہ 144 نافذ ہے، اس کے باوجودمظاہرہ کیا گیا-واضح رہے کہ 26 مارچ کے ’بھارت بند‘ کا اعلان سنیوکت کسان مورچہ نے کیا تھا- سنیوکت کسان مورچہ دراصل الگ الگ کسان یونینوں کو ملا کر ایک تنظیم قائم کی گئی ہے جو دہلی بارڈرس پر جاری کسان تحریک کا انتظام و انصرام دیکھ رہی ہے- آج بھارت بند کے دوران سنیوکت کسان مورچہ کے جنرل سکریٹری یدھویر سنگھ کو احمد آباد میں پولیس نے اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے- اس کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یدھویر سنگھ کو گجرات پولیس کے جوانوں نے گھیرا ہوا ہے-


Share: